A sleek graphic illustration of a police shield badge and handcuffs representing crime prevention without text

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں، 835 سے زائد ملزمان گرفتار، 2 ہلاک، 30 زخمی

کراچی پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران چھینی اور چوری شدہ 39 موٹر سائیکلیں اور 3 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں
کراچی (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات پر کراچی پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران انسداد جرائم کے خلاف کارروائیوں میں 835 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مختلف پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک اور 30 زخمی ڈاکوؤں سمیت 41 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے شہر کے مختلف علاقوں میں ضلعی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 26 مقابلے ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ملزمان ہلاک جبکہ 30 زخمی ڈاکوؤں سمیت 41 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 40 مختلف اقسام کے غیر قانونی ہتھیار، ایک کار اور 16 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ترجمان کے مطابق کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں پولیس نے مجموعی طور پر 835 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 9 کلو 638 گرام چرس، 4 کلو 327 گرام آئس/کرسٹل اور ہیروئن برآمد کی گئی۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر جرائم میں استعمال ہونے والا 103 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا۔کراچی پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران چھینی اور چوری شدہ 39 موٹر سائیکلیں اور 3 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں