کراچی (ویب ڈیسک) 6 جولائی 2026
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی دیرینہ ساتھی گوری اسپرٹ بالآخر 5 جولائی 2026 کو ممبئی میں ایک سادہ مگر پروقار نجی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گوری عامر خان کی جانب سے شیئر کی گئی شادی کی پہلی آفیشل تصاویر نے انٹرنیٹ پر آتے ہی دھوم مچا دی ہے، جس میں جوڑے کو روایتی انداز میں شادی کے رجسٹر پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل تصاویر میں عامر خان سفید رنگ کے خوبصورت روایتی لباس میں ملبوس ہیں جبکہ ان کی شریکِ حیات گوری ہلکے بیج (Beige) رنگ کے نفیس جوڑے میں انتہائی دلکش نظر آ رہی ہیں۔ تقریب کی ایک خاص بات گوری کے بیٹے کوئن کی موجودگی تھی، جو ہاتھ میں انگوٹھی کا ڈبہ تھامے نئے شادی شدہ جوڑے کے درمیان بیٹھے دکھائی دیے۔ اس خوشی کے موقع پر عامر خان کے بچے آزاد راؤ خان، جنید خان اور ایرا خان بھی اپنے والد کو اس نئے سفر کی شروعات پر مبارکباد دینے کے لیے موجود تھے۔
View this post on Instagram
اگرچہ شادی کی یہ تقریب انتہائی نجی تھی جس میں محض 150 قریبی مہمان مدعو تھے، تاہم شادی کے فوراً بعد ایک شاندار ریسیپشن کا اہتمام کیا گیا جس میں فلم انڈسٹری اور بھارت کی مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانوں میں نامور ڈائریکٹر اشوتوش گواریکر، راج کمار ہیرانی، اداکارہ ایلی آورام، سابق کرکٹر عرفان پٹھان اور بزنس ٹائیکون مکیش امبانی شامل تھے جنہوں نے نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات 25 سال قبل بنگلورو میں ہوئی تھی اور طویل عرصے بعد 2024 میں دوبارہ شروع ہونے والا یہ رابطہ اب ہمیشہ کے لیے اٹوٹ رشتے میں بدل چکا ہے۔

