کراچی (ویب ڈیسک) 8 جولائی 2026
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان فضا علی نے اپنی ذاتی زندگی کے پوشیدہ گوشوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد انہوں نے دوسری شادی سے کبھی انکار نہیں کیا تھا، تاہم کئی اچھے اور بڑے رشتے صرف اس لیے مسترد کر دیے کیونکہ لوگ ان کی معصوم بیٹی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے بتایا کہ سابق شوہر فواد فاروق سے علیحدگی کے بعد انہوں نے نئی زندگی شروع کرنے کا ارادہ کیا تھا، یہاں تک کہ ایک مرحلے پر ان کی منگنی بھی ہو گئی تھی۔ لیکن اکثر رشتوں میں یہ ظالمانہ شرط رکھی جاتی تھی کہ شادی کے بعد ان کی بیٹی ‘فرال’ اپنے والد کے پاس رہے گی. فضا علی کے مطابق انہوں نے ہر بار یہی دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ وہ کسی بھی مرد یا رشتے کی خاطر اپنی سگی بیٹی کو خود سے الگ نہیں کر سکتیں، اور جو ان کی بیٹی کو نہ اپنا سکے وہ اسے ٹھکرا دیتی ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے بتایا کہ اپنے موجودہ شوہر اعجاز سے رشتہ طے ہونے سے پہلے انہوں نے اپنی ماضی کی زندگی کے تمام معاملات کھل کر بیان کر دیے تھے تاکہ کوئی غلط فہمی نہ رہے. انہوں نے مزید کہا کہ طلاق صرف میاں بیوی کے درمیان ہوتی ہے، والدین اور بچوں کے رشتے پر اس کا اثر نہیں پڑنا چاہیے؛ اسی لیے انہوں نے اپنی بیٹی کو خود اس کے والد کی دوسری شادی میں شرکت کے لیے راضی کیا تھا۔ فضا علی کا کہنا تھا کہ ان کے موجودہ شوہر اعجاز بھی ایک انتہائی ذمہ دار انسان ہیں اور فرال کا پورا خیال رکھتے ہیں۔
