Visual depiction of the giant fictional dragon Syrax from House of the Dragon series

گلاسگو کی فضاؤں میں دیو ہیکل ڈریگن کی پرواز: وائرل ویڈیو نے شائقین کو دنگ کر دیا

اگر آپ نے اب تک صرف ہالی ووڈ فلموں یا خیالی ڈراما سیریز میں آسمان پر اڑتے ہوئے خطرناک ڈریگن دیکھے ہیں، تو اسکاٹ لینڈ کے مشہور شہر گلاسگو میں حقیقت سے قریب ترین ایک ایسا ہی حیرت انگیز منظر شہریوں کی آنکھوں کے سامنے آ گیا۔ شہر کی فضاؤں میں ایچ بی او کی عالمی شہرت یافتہ فینٹسی سیریز ’’ہاؤس آف دی ڈریگن‘‘ کا مشہور ڈریگن ‘سائریکس’ (Syrax) پرواز کرتا دکھائی دیا، جسے دیکھ کر وہاں موجود لوگ ششدر رہ گئے۔ گلاسگو 2026 کامن ویلتھ گیمز کی پیشگی تقریبات کے سلسلے میں اس 8 میٹر طویل دیو ہیکل ڈریگن نے دریائے کلائیڈ، ایس ای سی آرماڈیلو اور او وی او ہائیڈرو کے اوپر فضائی چکر لگائے، جس نے ایک وائرل منظر تشکیل دے دیا۔

View this post on Instagram

A post shared by CABLGRAM. (@cablgram)


یہ فلائنگ ماڈل دراصل سیریز میں رینیرا ٹارگرین کے مقبول ڈریگن سائریکس کی ہوبہو نقل ہے، جسے ‘ایچ بی او’ کی 3 ڈی اسکینز ٹیکنالوجی کی مدد سے انتہائی حقیقت پسندانہ انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس منفرد تکنیکی شاہکار کی تیاری میں 14 ماہر انجینئرز اور اینیمیٹرز نے مسلسل تین ماہ تک کام کیا اور تقریباً 3 ہزار گھنٹے صرف کیے۔ حیران کن طور پر صرف 13 کلوگرام وزنی اس ڈریگن کو لائٹ ویٹ کاربن فائبر، ایلومینیم اور خصوصی فوم سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کے پروں، سر اور دم میں نصب 23 متحرک حصے اور جدید پروپلشن سسٹم اسے فضا میں حقیقی مخلوق جیسی پرواز اور حرکت دینے کے قابل بناتے ہیں۔

منتظمین کے مطابق یہ دنیا کا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اڑنے والا ڈریگن ماڈل ہے، جسے خاص طور پر کامن ویلتھ گیمز 2026 کے استقبال اور جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کو سپورٹس فینٹسی کے ساتھ جوڑنے کے لیے تیار کیا گیا۔ یاد رہے کہ 23 جولائی سے شروع ہونے والے ان کھیلوں کی نشریات برطانیہ اور آئرلینڈ میں ایچ بی او میکس اور ٹی این ٹی اسپورٹس پر براہِ راست دکھائی جا رہی ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس منفرد اشتہاری مہم اور افتتاحی سرپرائز کا مقصد عالمی شائقین کو ایک یادگار اور حیرت انگیز اینٹرٹینمنٹ تجربہ فراہم کرنا تھا جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں