کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے قیام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس آئی جی آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں بورڈ کے تمام معزز اراکین نے شرکت کی، جہاں سندھ میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور صحت مند معاشرتی ماحول کے قیام کے لیے بورڈ کے وژن، مقاصد اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اعلان کیا گیا کہ ڈی آئی جی ٹریفک سندھ پیر محمد شاہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ زاہد حمید (سی ای او، اپیرل زون)، ڈاکٹر دانش امان (چیئرمین، پی ٹی اے ایس زیڈ)، سید حسین سجاد (سی او او، ٹیلیک گروپ) اور تیمور صدیقی (ڈائریکٹر، شاہی گروپ) بورڈ کے اراکین کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں گے۔ یہ تمام اراکین سندھ بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر زاہد حمید نے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کو احترام اور قدردانی کے اظہار کے طور پر خوبصورت خطاطی کا فریم بھی پیش کیا۔
