بھارتی شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا کے حلقوں میں اپنی پراسرار اور منفرد شخصیت کی وجہ سے مشہور اورہان اوترامانی عرف “اوری” نے اپنی ڈیجیٹل آمدنی اور معاوضے کے حوالے سے ایسے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں جنہوں نے سب کو دنگ کر دیا ہے۔ بالی ووڈ اسٹارز کے ساتھ ہر وقت نظر آنے والے اوری نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا کو محض تفریح نہیں بلکہ ایک باقاعدہ منافع بخش کاروبار کے طور پر چلاتے ہیں، جس سے وہ ماہانہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ کے دوران اپنی آمدنی کے ذرائع پر کھل کر بات کرتے ہوئے اوری نے انکشاف کیا کہ انہیں صرف ایک انسٹاگرام ریل بنانے کا معاوضہ 76 لاکھ بھارتی روپے تک مل چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل دنیا میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے بڑے بین الاقوامی اور مقامی برانڈز ان کے ساتھ مہنگے ترین معاہدے کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جو کہ ان کی آمدنی کا ایک بہت بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔
انسٹاگرام ریلز کے علاوہ اوری مختلف نجی اور عوامی تقریبات میں بطور مہمان شرکت کرنے کی بھی بھاری فیس وصول کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ محض کسی شادی بیاہ، عالی شان ڈنر یا سالگرہ کی تقریب میں حاضری دینے کے 15 سے 25 لاکھ بھارتی روپے چارج کرتے ہیں۔ ان کے بقول، لوگ انہیں کسی عام مہمان کے طور پر نہیں بلکہ ایک منفرد ’تجربے‘ کے طور پر بلاتے ہیں، جہاں ان کا مخصوص انداز اور پوز تقریب کی رونق بڑھا دیتا ہے۔
اوری کا ماننا ہے کہ موجودہ دور میں ذاتی شہرت کو ایک کامیاب برانڈ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور وہ خود اس کی زندہ مثال ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی خطیر رقم کمانے کے باوجود اوری نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اپنے مالیاتی معاملات خود سنبھالنے کے بجائے اپنے والدین پر بھروسہ کرتے ہیں اور ان کے تمام اکائونٹس اور فائنانسز ان کے والدین ہی مینیج کرتے ہیں۔