معروف کراچی میریٹ ہوٹل میں پُروقار تقریب؛ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز، ملک خدا بخش، آصف سمسم اور احسن ارشد شیخ کی شرکت، نئے عہدیداران کی تقرری
رپورٹ: زاہد حسین کرانی
کراچی میں لائنز کلبز انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام ‘فرسٹ کراچی پلاٹینم لائنز کلب’ کی شاندار چارٹر پریزنٹیشن اور ممبرز انڈکشن تقریب مقامی میریٹ ہوٹل میں نہایت جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں شہر کی مقتدر سماجی، کاروباری، سفارتی شخصیات اور لائنز برادری کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کلب کے چارٹر پریزیڈنٹ لائن فیاض الیاس نے کی، جنہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انسانیت کی خدمت اور قیادت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر (ر) حارث نواز تھے، جبکہ مہمانانِ اعزاز میں پاسٹ ڈائریکٹر لائنز انٹرنیشنل ملک خدا بخش، کراچی پلاٹینم لائنز کلب کے سرپرست لائن آصف سمسم اور احسن ارشد شیخ شامل تھے، جن کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ تقریب کے دوران کلب کی باضابطہ قیادت کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق لائن آصف سمسم سرپرست، لائن فیاض الیاس چارٹر پریزیڈنٹ، حسین پردیسی سینئر بورڈ ممبر، الطاف محمد سینئر نائب صدر، لائن محمد علی نائب صدر، لائن نورین خان سیکریٹری اور لائن شعیب خان خزانچی کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اتحاد، سماجی ذمہ داری، فلاحی خدمات اور کمیونٹی ویلفیئر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لائنز کلبز انٹرنیشنل کے مشن اور اقدار کو اجاگر کیا۔ یہ تقریب مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کے مابین روابط اور اعزازات کے تبادلے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جہاں خدمتِ انسانیت کے جذبے کو مزید فروغ دینے کا عہد کیا گیا۔ اس باوقار تقریب کو ‘RAF’S فالق ناز گروپ’ کی جانب سے اسپانسر کیا گیا، جن کے تعاون نے تقریب کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر کلب کی نئی قیادت اور اراکین نے کراچی سمیت ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاحی مشن کو مزید وسعت دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
