زبیر موتی والا کی قیادت، کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد کی فریال تالپور سے ملاقات، تاجروں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی

زرداری ہاؤس کراچی میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال؛ وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور میئر مرتضیٰ وہاب کی بھی شرکت

کراچی (علیم نواب خان سے)

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے زرداری ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر کی تاجر کمیونٹی کو درپیش موجودہ مسائل، صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریال تالپور سے ملاقات کرنے والے وفد میں ملک کے ممتاز تاجر رہنما زبیر موتی والا، ریحان حنیف، ایم جاوید بلوانی، طارق یوسف اور ادریس میمن شامل تھے۔ وفد نے معاشی صورتحال اور کاروباری لاگت میں اضافے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر فریال تالپور نے تاجر کمیونٹی کے نمائندگان کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی، کیونکہ معاشی پہیہ چلانے میں تاجروں کا کردار کلیدی ہے۔

اس اہم بیٹھک میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ارکان قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی اور کرنل (ر) اسد نیازی، اراکینِ صوبائی اسمبلی سہیل انور سیال اور سعدیہ جاوید، اور کرم اللہ وقاصی بھی موجود تھے۔ شرکاء نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور صنعتی علاقوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں