کراچی سمیت ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے متعدد اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان؛ بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور جامشورو سمیت کئی شہروں میں بادل برسیں گے

ویب ڈیسک

اسلام آباد/کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیشِ نظر آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور بعض مقامات پر شدید ژالہ باری (اولے پڑنے) کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، ایک طاقتور مغربی سسٹم ملک میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث مختلف صوبوں میں تیز اور طوفانی ہوائیں چلنے اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بلوچستان کے مکران و ساحلی پٹی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض میدانی اور پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ اضلاع کے مقامی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دوسری جانب، صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں کے ڈیرے جمانے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت حیدرآباد، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، سجاول، جامشورو اور ان کے گردونواح کے علاقوں میں بادل گرچ چمک کے ساتھ برس سکتے ہیں، جبکہ سندھ کے چند مقامات پر بھی ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام نے مچھیروں، سیاحوں اور مسافروں کو مہم جوئی کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہری انتظامیہ کو ندی نالوں اور نکاسیِ آب کے نظام کو فعال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں