پاک فضائیہ کے کم عمر ترین نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور مسلح افواج کے سربراہان نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی لازوال قربانی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے। پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ 20 اگست 1971ء کو راشد منہاس شہید نے وطن کی خودمختاری، پرچم کی حرمت اور عزت کی حفاظت کے لیے غیر معمولی جرات اور بے مثال بہادری کی وہ روشن تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی।
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ راشد منہاس کا یہ بے لوث اور دلیرانہ اقدام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی، وفاداری اور قربانی کی تابناک علامت ہے، جو افواجِ پاکستان اور پوری قوم کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی। عسکری قیادت نے واضح کیا کہ قوم اور مسلح افواج پاکستان کی جغرافیائی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر دم پرعزم اور تیار ہیں।
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید نے اتنی کم عمری میں جامِ شہادت نوش کر کے تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے تمام شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو انتہائی عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ارضِ پاک کے دفاع کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے ہمارے اصل قومی ہیرو ہیں جن کے نقوش ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔
