پنجاب حکومت نے ‘غیر قانونی اسلحے سے پاک، محفوظ پنجاب’ کے وژن کے تحت تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے اپنے موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ احکامات کے مطابق صوبے بھر کے بزنس آرمز لائسنس (BAL) ہولڈرز کے لیے انوینٹری ماڈیول نافذ العمل کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہر ڈیلر کے پاس موجود تمام بندوقوں، گولیوں اور بارود کا لائیو ڈیجیٹل ڈیٹا بیس نادرا کے پورٹل پر دستیاب ہوگا۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے تمام اسلحہ ڈیلرز کو نادرا کے پورٹل ([https://pal.nadra.gov.pk/pal/](https://pal.nadra.gov.pk/pal/)) پر اپنا تمام موجودہ اسٹاک درج کرانے کے لیے 26 اگست 2026ء کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ اس عمل کی شفاف نگرانی کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیلرز کی تفصیلات بھیج دی گئی ہیں، جو اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈیٹا کے بروقت اندراج کو یقینی بنا کر باقاعدہ رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں گے۔ مقررہ تاریخ تک انوینٹری اپ لوڈ کرنے میں ناکام رہنے والے ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں کاروبار کو سیل کرنا، لائسنس کی معطلی اور بھاری جرمانے شامل ہیں۔
اسلحہ ڈیلرز کو نئے ڈیجیٹل سسٹم سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کی جانب سے پیر 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی جا رہی ہے۔ صوبے بھر کے ڈیلرز اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفاتر سے اس ورکشاپ میں آن لائن شرکت کر کے تکنیکی مسائل اور سوالات کا حل حاصل کر سکیں گے۔ اس جامع ڈیجیٹلائزیشن کا بنیادی مقصد اسلحے کی غیر قانونی فروخت اور بلیک مارکیٹنگ کا مستقل خاتمہ ہے۔
