Former cricketer Shahid Afridi receiving a shield at the inauguration of the National Institute of Leather Technology in Karachi.

شاہد آفریدی نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی (NILT) کا افتتاح کر دیا

کراچی (ویب ڈیسک) 12 جولائی 2026

کراچی: پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر اور چیئرمین شاہد آفریدی فاؤنڈیشن شاہد آفریدی نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (PTA) میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی (NILT) کی افتتاحی تقریب میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تقریب ڈاکٹر دانش امان، چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون)، اور زاہد حمید، سینئر نائب صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کی دعوت پر شرکت کا موقع ملا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا قیام نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر مندی سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا بھی افتتاح کیا گیا، جو نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار اور روشن مستقبل کی فراہمی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں ملک کی کاروباری، صنعتی، سرکاری، طبی، سماجی اور میڈیا برادری سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ مخیر حضرات نے اس فلاحی مقصد کے لیے بھرپور تعاون اور فنڈ ریزنگ میں حصہ لیا، جو انتہائی حوصلہ افزا امر ہے۔شاہد آفریدی نے ڈاکٹر دانش امان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت، سماجی خدمات سے وابستگی اور صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے مسلسل کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر دانش امان نہ صرف ایک کامیاب صنعتکار ہیں بلکہ ایک درد مند انسان بھی ہیں، جو معاشرے کی بہتری اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم کو اس منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور ٹیم ورک نے ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھی ہے جو نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کرکے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

تقریب میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اکرام راجپوت، سینئر نائب صدر زاہد حمید، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون) کے چیئرمین ڈاکٹر دانش امان، فیصل راشد (راشد اینڈ سنز انڈسٹریز)، عامر چھوٹانی (چھوٹانی گروپ آف انڈسٹریز)، ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود احمد بھٹو، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالباری خان، سابق ایس ایس پی کرائم برانچ آصف رزاق، معروف صنعتکاروں، مخیر حضرات، بیوروکریٹس اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں اس بامقصد اور مؤثر تقریب کا حصہ بننے پر فخر ہے، کیونکہ تعلیم، فنی تربیت اور صنعت و سماجی اداروں کے باہمی تعاون ہی پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو کامیاب بنائے اور اسے نوجوانوں کے لیے علم، ہنر، روزگار اور خوشحالی کا مستقل ذریعہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے وابستہ ہے، اور آج ہنر مندی پر کی جانے والی سرمایہ کاری ہی کل کے مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ثابت ہوگی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی شاہد آفریدی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں