انٹرنیشنل مارکیٹ میں مندی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں کو بریک لگ گیا، خریداروں کے لیے ریلیف
اسٹاف رپورٹر
09 مئی 2026
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 4 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 713 ڈالر کی سطح پر آگیا ہے، جس کے براہ راست اثرات مقامی مارکیٹ پر پڑے اور فی تولہ سونے کی قیمت 400 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے ہو گئی ہے۔
مقامی صرافہ بازاروں میں ہونے والی اس مندی کے نتیجے میں 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 343 روپے کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد اب 10 گرام سونا 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے کی سطح پر فروخت ہو رہا ہے، مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا استحکام نہ ہونا مقامی سطح پر نرخوں میں مسلسل تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی گراوٹ کا رجحان رہا، عالمی مارکیٹ میں چاندی 12 سینٹس سستی ہو کر 80 ڈالر 29 سینٹس فی اونس پر آگئی ہے، اس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 12 روپے کی کمی کے ساتھ 8 ہزار 513 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 10 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 298 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔