میرپورخاص: میئر عبدالرؤف غوری کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹ پر 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس جاری

صحافی کہلانے والے شادی خان کاکڑ کو ہتک آمیز الزامات پر قانونی کارروائی کا سامنا؛ 7 روز میں معافی مانگنے اور پوسٹ حذف کرنے کی ہدایت

بیورو رپورٹ 14 مئی 2026

میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات عائد کرنے پر مقامی شہری شادی خان کاکڑ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شوکت علی رحیمون نے میئر کی جانب سے یہ نوٹس ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شادی خان کاکڑ، جو خود کو صحافی ظاہر کرتے ہیں، نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے میئر کی سیاسی اور سماجی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے من گھڑت مہم چلائی۔

قانونی نوٹس کے مطابق، مذکورہ شخص نے اپنی پوسٹ میں عبدالرؤف غوری کو “میرپورخاص کی تاریخ کا بدترین اور کرپٹ میئر” قرار دیا اور ان پر غیر قانونی مالی معاملات میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ان الزامات کے حق میں کوئی دستاویزی ثبوت یا عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہے، اور یہ عمل خالصتاً بدنیتی اور سیاسی دشمنی پر مبنی ہے۔ اس اقدام سے میئر کی عوامی ساکھ کو پہنچنے والے شدید نقصان کے ازالے کے لیے 5 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوٹس میں شادی خان کاکڑ کو 7 دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ہتک آمیز پوسٹ حذف کریں، عوامی سطح پر غیر مشروط معافی مانگیں اور آئندہ ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کا عہد کریں۔ نوٹس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت کے اندر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ملزم کے خلاف دیوانی اور فوجداری قوانین کے ساتھ ساتھ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں