گورنر ہاؤس کراچی میں ”معرکۂ حق – بنیان مرصوص“ کی پہلی سالگرہ پر پروقار تقریب، ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی کو خصوصی اعزاز

معرکۂ حق پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کا خطاب

11 مئی 2026
علیم نواب خان

گورنر ہاؤس کراچی میں ”معرکۂ حق – بنیان مرصوص“ کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ایک عظیم الشان اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی سیاسی، عسکری اور سماجی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی عسکری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب ان شہداء، غازیوں اور عظیم ماؤں کے نام ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی خاطر اپنی عزیز ترین جانیں قربان کیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی پیشہ ورانہ قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے ہر محاذ پر جرات اور مثالی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے دشمن کو تنبیہ کی کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور مختلف ممالک بشمول چین، روس، قطر اور عمان کے قونصل جنرلز نے بھی شرکت کی، جو عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی وقار کی علامت ہے۔

تقریب کا ایک اہم پہلو معروف بزنس ٹائیکون اور سماجی شخصیت ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی کی خدمات کا اعتراف تھا۔ ورلڈ کشمیر فورم کے روحِ رواں اور ایچ ایم آر (HMR) گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی کو ان کی سماجی و فلاحی خدمات اور ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر خصوصی اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ یہ اعزاز انہیں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور قونصل جنرل قطر نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے اہل خانہ اور غازیوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں اور معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں