بھارتی اداکار پرکاش راج قانونی چنگل میں پھنس گئے، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری!

بنگلورو (ویب ڈیسک) 24 جون 2026

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار پرکاش راج ایک سنگین قانونی معاملے میں بری طرح پھنس گئے ہیں۔ بنگلورو کی ایک مقامی عدالت نے مبینہ طور پر ایک سے زائد ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کے کیس میں مسلسل غیر حاضری پر اداکار کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، عدالت کی جانب سے یہ سخت ترین کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب پرکاش راج متعدد مرتبہ آفیشل عدالتی سمن جاری کیے جانے کے باوجود عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔

اداکار کے خلاف یہ قانونی معاملہ سال 2019 میں اس وقت سامنے آیا تھا، جب ایک مقامی وکیل دلیپ کمار نے بنگلورو کے ہلاسورو گیٹ پولیس اسٹیشن میں ایک باقاعدہ شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پرکاش راج الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیک وقت کرناٹک، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ جیسی 4 مختلف ریاستوں میں ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بھارتی قوانین کے تحت کوئی بھی شہری صرف ایک ہی مقام پر رجسٹریشن کا اہل ہے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ عدالتی کارروائی پرکاش راج کی جانب سے کرناٹک کے قصبے دھرمستھلا سے متعلق ایک معاملے پر پریس کانفرنس کرنے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔ تاہم، اداکار ماضی میں ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور ان کا مؤقف رہا ہے کہ وہ قانونی طور پر صرف تامل ناڈو سے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے بعد اب پرکاش راج کے وکلاء اس عدالتی حکم کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے یا وارنٹ کی منسوخی کے لیے فوری حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اگر فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو پرکاش راج حالیہ دنوں میں تامل فلم ’کالی داس 2‘ اور تیلگو فلموں ’سیتھا پینم‘، ’ایس سراسوتی‘ اور ’ڈیکویت: اے لو اسٹوری‘ میں اہم کردار نبھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کی آنے والی بڑی فلموں میں بالی ووڈ کی فلم ’دریشیم 3‘، تیلگو فلمیں ’وارانسی‘ اور ’اسپرٹ‘ جبکہ تامل فلم ’جنا نائگن‘ شامل ہیں، جن کی شوٹنگز شیڈول ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں