Ishaq Dar Visit ADB Manila ML1 Project

ایم ایل-1 پاکستان کا آئندہ معاشی انقلاب! مانیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹر میں اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں!

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے شہر مانیلا میں واقع ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ہیڈکوارٹر کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور ترجیحی منصوبوں پر بینک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ تفصیلی اور نتیجہ خیز گفتگو کی۔ ہیڈکوارٹر پہنچنے پر سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوٹیریز نے نائب وزیراعظم کا پرگرم استقبال کیا، جس کے بعد اسحاق ڈار نے بینک کی رسمی وزیٹرز بک میں اپنے یادگار تاثرات بھی درج کیے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ جاری دیرینہ شراکت داری کو نئی جلا بخشنا اور منصوبوں کو تیز تر بنانا تھا۔

دورے کے دوران اے ڈی بی میں تعینات پاکستان کی نئی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نشیطہ محسن نے نائب وزیراعظم کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں بینک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز پاکستانی ماہرین نے شرکت کی۔ ملاقات میں اے ڈی بی کے بدلتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے اور خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف پر بات چیت ہوئی۔ اسحاق ڈار نے نشیطہ محسن کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بینک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین کی صلاحیتوں اور خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح یعنی مین لائن-1 (ML-1) ریلوے پروجیکٹ پر اے ڈی بی حکام سے سیر حاصل گفتگو کی اور اس کی حتمی منظوری و عملدرآمد کے مراحل کو تیز کرنے پر زور دیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے ایم ایل-1 منصوبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہ عظیم الشان منصوبہ پاکستان کے بوسیدہ ریلوے نظام کو مکمل جدید شکل دینے اور ملکی معاشی ترقی میں ایک انقلابی سنگِ میل ثابت ہو گا۔ اے ڈی بی حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف مال برداری اور مسافروں کی نقل و حمل تیز تر ہو جائے گی بلکہ یہ پائیدار معاشی استوار کاری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ نائب وزیراعظم کے اس دورے سے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہوئی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اہم ترقیاتی منصوبوں پر رفتاربھی تیز ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں