کراچی (تنزیل خان) 6 جون 2026
شہرِ قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 9 پکوڑا چوک کے قریب ایک افسوسناک اور پراسرار واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 22 سالہ شادی شدہ لڑکی عنصہ کی لاش اس کے گھر سے پھندا لگی حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد متوفیہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر عنصہ کے شوہر حماد اور دیگر سسرالی رشتہ داروں نے اسے خودکشی کا واقعہ قرار دیا، تاہم وہ اس انتہائی اقدام کی کوئی ٹھوس وجہ بتانے سے قاصر رہے، جس نے معاملے کو مشکوک بنا دیا ہے۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن طاہر خان کے مطابق متوفیہ عنصہ کی شادی دو برس قبل حماد سے ہوئی تھی اور جوڑے کے ہاں تاحال کوئی اولاد نہیں تھی۔ جیسے ہی یہ خبر عنصہ کے میکے والوں تک پہنچی، کہرام مچ گیا اور اہل خانہ فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔ متوفیہ کے والد نے اپنی بیٹی کی موت کو خودکشی ماننے سے صاف انکار کر دیا اور اپنے داماد حماد اور دیگر سسرالی افراد پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اسے ایک منظم قتل قرار دیا ہے۔ والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کیا گیا ہے، اور انہوں نے اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف ’پنکی‘ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج
پولیس نے مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کروانے کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا ہے، تاہم اصل حقیقت پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عنصہ کے والد کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کی روشنی میں اس معاملے کی ہر پہلو سے چھان بین کی جا رہی ہے۔ تفتیشی ٹیم اب شوہر اور سسرالیوں سے پوچھ گچھ کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ آیا یہ واقعہ واقعی خودکشی ہے یا اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ فی الحال علاقے میں اس المناک واقعے پر شدید غم و غصے کی لہر پائی جا رہی ہے۔
”کراچی میں نو بیاہتا لڑکی کی پراسرار موت: بلدیہ ٹاؤن میں پھندا لگی لاش برآمد، والد نے شوہر کو قاتل قرار دے دیا!“ ایک تبصرہ