کراچی: تاجروں کی جان و مال غیر محفوظ، اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تاجر برادری کا شدید تشویش کا اظہار

کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے سربراہ مرزا صادق بیگ کا پولیس کی مایوس کن کارکردگی پر برہمی؛ مطالبہ پورا نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی

بزنس رپورٹر | عبدالستار آزاد

کراچی ایسوسی ایشن آف کارپٹ، کرٹن اینڈ فرنیچر کے سربراہ مرزا صادق بیگ نے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اسٹریٹ کرائم کی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے تاجر اب مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام شہریوں اور کاروباری افراد کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ مرزا صادق بیگ نے نشاندہی کی کہ گلشنِ اقبال، لیاقت آباد، تین ہٹی اور سوک سینٹر سمیت شہر کے مختلف تجارتی و رہائشی علاقوں میں ڈکیتی، موبائل و نقدی چھیننے اور لوٹ مار کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جس کے باعث تاجروں اور عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری شہر کی معاشی سرگرمیوں کو رواں رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ تاجروں کی جان و مال کے تحفظ میں متعلقہ ادارے بری طرح ناکام نظر آ رہے ہیں۔ مرزا صادق بیگ نے پولیس کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں مسلسل اضافے نے عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سے اعتماد مجروح کر دیا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تاجروں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔

تاجر رہنما نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے، حساس تجارتی علاقوں میں پولیس گشت میں نمایاں اضافہ کیا جائے اور تاجروں کو بلا امتیاز تحفظ فراہم کیا جائے۔ مرزا صادق بیگ نے خبردار کیا کہ اگر شہر میں امن و امان کی صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا اور تاجروں کو تحفظ کی یقین دہانی نہ کرائی گئی، تو تاجر برادری اپنے جان و مال کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں