واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا مینگو فیسٹیول، امریکی و پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

واشنگٹن ( رپورٹ: ابرار احمد خان ) امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک پروقار اور پرکشش “مینگو فیسٹیول” کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں امریکی حکام، سفارتی برادری اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ اس ثقافتی و سفارتی تقریب کا بنیادی مقصد پاکستان کے لذیذ اور مشہورِ زمانہ آموں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانا اور پاک امریکا تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مضبوط بنانا تھا۔ واشنگٹن ڈی سی اور اس کے گرد و نواح کی مختلف امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، تھنک ٹینکس، ادبی و صحافتی حلقوں اور میڈیا کے نمائندوں نے اس میٹھے فیسٹیول میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور ان کی اہلیہ لبنیٰ رضوان نے سفارت خانے آمد پر تمام معزز مہمانوں کا انتہائی پرجوش اور روایتی انداز میں استقبال کیا، جہاں شرکا کی تواضع پاکستان کے چوسا، سندھڑی اور انور رٹول جیسے لذیذ آموں اور ان سے تیار کردہ مختلف مٹھائیوں اور مشروبات سے کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی امورِ خارجہ کمیٹی کے رکن اور معروف رکنِ کانگریس ریان زنکے نے پاک امریکا دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، جس کا شرکا نے تالیاں بجا کر خیر مقدم کیا۔ امریکی کانگریس مین کے اس مثبت بیان نے تقریب کے سفارتی ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔

سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستانی آموں کی مٹھاس اور لاثانی ذائقے کا سفر صدیوں پر محیط ہے جو اب دنیا بھر میں پاکستان کی زرعی شناخت کا درجہ حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول میں امریکیوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے اور یہ مٹھاس پاک امریکا دوستی کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان اپنی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں میں منفرد ہے، اسی طرح ہمارے آموں کا ذائقہ بھی ہماری بہترین زرعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، لہٰذا ہمیں اب دونوں ممالک کی تجارتی و سفارتی شراکت داری کو بھی آموں کی طرح لاثانی اور مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں