پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر انجینئر علی بخش سومرو کا پی وی ایم اے کا دورہ ، گھی و تیل کی صنعت کے مسائل، معیار اور صنعتی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال

صارفین کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے،چیئرمین پی وی ایم اے

گھی و تیل سے وابستہ صنعتوں کے مسائل کے حل سے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، شیخ عمر ریحان

کراچی(رپورٹ : وسیم خان ) پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کے ڈائریکٹر انجینئر علی بخش سومرو نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نےچیئرمین شیخ عمر ریحان سمیت ممبران اور صنعتکاروں سے ملاقات کی اور گھی و کوکنگ آئل کی صنعت کو درپیش چیلنجز، معیار، قوانین اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے کہا کہ گھی و تیل کی صنعت ملک کی اہم صنعتوں میں شمار ہوتی ہے، جو نہ صرف قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ لاکھوں افراد کو روزگار بھی فراہم کر رہی ہے۔ صنعت کو مختلف انتظامی، ریگولیٹری اور پالیسی مسائل کا سامنا ہے، جن کے فوری اور مؤثر حل کیلئے متعلقہ اداروں اور صنعتکاروں کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ گھی انڈسٹری کیلئے مارکنگ فیس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے انہوں نے تجویز دی کہ خوردنی تیل کی صنعت میں بہتر معیار کے نفاذ کیلئے پی وی ایم اے اور پی ایس کیو سی اے کے درمیان مفاہمتی یاداشت طے کی جائے، تاکہ صنعت اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل مشاورت سے مثبت نتائج حاصل کئے جاسکیں شیخ عمر ریحان نے اس بات پر زور دیا کہ معیار کو برقرار رکھنے اور صارفین کو محفوظ و معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی وی ایم اے ہمیشہ قانون کے مطابق کاروباری سرگرمیوں اور معیاری پیداوار کے فروغ کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے۔پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر انجینئر علی بخش سومرو نے کہا کہ ادارہ معیاری مصنوعات کے فروغ اور صنعتوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ صنعتکاروں کے مسائل کو سننا اور ان کے قابل عمل حل تلاش کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس کیو سی اے اور پی وی ایم اے کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ گھی و تیل کی صنعت میں معیار، شفافیت اور صارفین کے اعتماد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے

اپنا تبصرہ لکھیں