صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو سے مختلف وفود کی ملاقاتیں، صنعتی و کاروباری مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت
کراچی (بزنس رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی سندھ کی معاشی خوشحالی کی بنیاد ہے، حکومت صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور روزگار کے نئے دروازے کھولنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفود نے صوبائی وزیر کو صنعت و تجارت سے متعلق مسائل، کاروباری سرگرمیوں اور صنعتی شعبے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفود کے مسائل تفصیل سے سنے اور فوری نوعیت کے معاملات کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر جماعت اہلسنت پاکستان کے ایک وفد نے بھی صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ وفد میں پیر خالد سلطان شاہ، سید رفیق شاہ، سید عبدالقادر شاہ شیرازی، ایڈووکیٹ حفیظ الرحمن رند، سمیع رانا قادری ترابی اور اظہر شاہ ہمدانی شامل تھے۔ وفد نے مختلف مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی، جس پر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی شعبے کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی، ان کے مسائل کا بروقت ازالہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی شکایات کے حل کے لیے مؤثر اور تیز رفتار میکنزم کو مزید بہتر بنایا جائے۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور موجودہ صنعتی یونٹس کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ساتھ موجودہ صنعتوں کو مستحکم کرنے اور ان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل، ہنرمند افرادی قوت، جغرافیائی محل وقوع اور وسیع تجارتی امکانات کے اعتبار سے صنعتی ترقی کے لیے بے پناہ مواقع رکھتا ہے۔ کراچی سمیت صوبے کے مختلف صنعتی مراکز میں نئی سرمایہ کاری لانے، صنعتی پیداوار بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صنعتی شعبے کو محض کاروباری سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے روزگار، برآمدات، مقامی پیداوار اور صوبے کی مجموعی معاشی خوشحالی کا مضبوط ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔ نئی صنعتوں کے قیام کے ساتھ موجودہ صنعتی یونٹس کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ سے صوبے کی معیشت مضبوط ہونے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر ایسا سازگار ماحول تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے جہاں سرمایہ کاری کو فروغ، صنعتی پیداوار میں اضافہ اور سندھ کا ملکی معیشت میں کردار مزید مؤثر ہو۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کا عمل مزید تیز کیا جائے گا اور صنعتکاروں و کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
