افتتاحی تقریب میں محمد احمد شاہ نے حنیف راجہ کی واپسی کو تھیٹر کے لیے خوش آئند قرار دیا
کراچی(رپورٹ،وسیم خان) عید الاضحی پر کراچی کے شائقین کو ہنسی کا بھرپور ڈوز ملے گا معروف اداکار اور رائٹر حنیف راجہ کا تحریر کردہ کامیڈی ڈرامہ “برگر بکرے” آرٹس کونسل اے سی ہال ٹو میں پیش کیا جائے گااس حوالے سے کامیڈی کھیل”برگر بکرے” کی افتتاحی تقریب آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی محمد احمد شاہ صدر آرٹس کونسل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حنیف راجہ ایک باشعور اور پڑھے لکھے فنکار ہیں جو ادب سے بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں

وہ بے مثال اداکار ہونے کے ساتھ اچھے رائٹر بھی ہیں اور عرصے سے عوام کو معیاری تفریح فراہم کر رہے ہیں محمد احمد شاہ نے کہا کہ میرا اور حنیف راجہ کا تعلق پرانا ہے راجہ کی تھیٹر میں واپسی سے اسٹیج کی رونق میں یقیناً اضافہ ہوا ہے ان کے کام کو فیملی ناظرین نے ہمیشہ پسند کیا ہے اور عید کا یہ ڈرامہ بھی ان کا تحریر کردہ ہے جس کے کامیاب ہونے میں کوئی شک نہیں انہوں نے کاسٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سپنا غزل اس وقت بہت اچھا کام کر رہی ہے

اور وہ بے حد ٹیلنٹڈ ہے مجموعی طور پر کراچی تھیٹر پر اس وقت بہت مثبت سرگرمیاں ہو رہی ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف راجہ نے کہا کہ محمد احمد شاہ فن اور فنکاروں کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں اور تھیٹر کے فروغ کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ہم سب فنکار برادری ان کی قدر دل و جان سے کرتے ہیں.

افتتاحی تقریب سے شہزاد رضا، مجتبی نقوی، سپنا غزل،پرویز صدیقی، شکیل شاہ اور دیگر فنکاروں نے بھی اظہار خیال کیا تقریب کے اختتام پر محمد احمد شاہ نے فنکاروں میں ڈرامے کا اسکرپٹ تقسیم کیا تقریب کی نظامت حنیف راجہ نے خوش اسلوبی سے انجام دی اس موقع پر ڈرامے کی مکمل کاسٹ موجود تھی.

“برگر بکرے” کو عید الاضحی کے موقع پر اسٹیج کیا جائے گا اور توقع ہے کہ حنیف راجہ کی مزاح سے بھرپور تحریر اور مضبوط کاسٹ اس ڈرامے کو ناظرین کے لیے یادگار بنا دے گی اس ڈرامے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل انصاری ہیں.