ثاقب عباسی کے خلاف ایف آئی آر واپس لینے اور پانی بحران کے حل کا مطالبہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی ترجمان و سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد اشرف میمن نے قیوم آباد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کرنے پر پارٹی کے ضلع کورنگی کے صدر ثاقب عباسی کے خلاف درج ایف آئی آر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام اور حکومتی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں محمد اشرف میمن نے کہا کہ قیوم آباد کے عوام کو پانی کی فراہمی میں ناکامی اور ٹینکر مافیا کی سرپرستی کرنے والی انتظامیہ کے خلاف پرامن احتجاج عوام کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج دراصل عوامی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ کورنگی اور کراچی کے دیگر علاقوں میں پانی کا شدید بحران ہے جبکہ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ایسے میں عوامی مسائل اجاگر کرنے والے سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایف آئی آر دراصل پیپلز پارٹی کی کراچی میں ناکام طرزِ حکمرانی کا اعتراف اور اس کی ناکامی کا سرٹیفکیٹ ہے۔
ہل پارک متنازعہ پلاٹ کی بانڈری وال مسماری کیس، سندھ حکومت اور کے ایم سی کو نوٹس
محمد اشرف میمن نے قیوم آباد کے عوام کو ان کے کامیاب احتجاج پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کے حصے کا پانی چوری کرکے ٹینکر مافیا کے ذریعے فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف عوامی ردعمل فطری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی، سیوریج اور انفراسٹرکچر کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں اور اب عوامی احتجاج کو دبانا ممکن نہیں رہا۔ راہ حق پارٹی شہر بھر میں اس تحریک کو مزید منظم کرے گی اور دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں سے بھی رابطہ کرکے مشترکہ جدوجہد کی راہ ہموار کرے گی۔مرکزی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ثاقب عباسی کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور کراچی کے شہریوں کو درپیش پانی کے بحران کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
خواتین کے خلاف مبینہ جرائم کی خبروں کا آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے نوٹس لے لیا
