کراچی: سینٹرم ایئر کے ہیڈ آف سیلز، عادل مرزا خلمیرزائیف نے کہا ہے کہ سینٹرم ایئر ازبکستان کی تیزی سے ترقی کرنے والی ایئرلائنز میں سے ایک ہے، جو محفوظ، قابلِ اعتماد اور صارفین کی ضروریات کے مطابق فضائی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جدید طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے اور مسلسل وسعت پاتے بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے ایئرلائن مسافروں کو اہم علاقائی اور عالمی مقامات سے منسلک کر رہی ہے، جبکہ تاشقند میں اپنے مرکزی مرکز کے ذریعے سیاحت، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔

وہ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں گیریز گروپ کی جانب سے منعقدہ ایک پروقار افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لقمان رشید سمیت گیریز گروپ اور سینٹرم ایئر کے سینئر حکام اور اعلیٰ انتظامی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر گیریز گروپ کے گروپ ڈائریکٹر ارشد ولی محمد اور گیریز گروپ کے ایئرلائن ڈویژن کے چیف آپریٹنگ آفیسر کین مارشل نے اپنے خطاب میں شراکت داری کی تزویراتی اہمیت اور علاقائی فضائی رابطوں کے فروغ میں اس کے کردار پر زور دیا۔
علاقائی فضائی رابطوں کے نئے دور کا آغاز
عادل مرزا نے کہا کہ 3 ستمبر 2026 سے سینٹرم ایئر کراچی اور تاشقند کے درمیان براہِ راست نان اسٹاپ پروازیں شروع کرے گی، جس کے بعد مسافروں کو دونوں شہروں کے درمیان ایک آسان، کم لاگت اور وقت کی بچت کرنے والا سفری آپشن دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئی فضائی سروس سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کاروباری، سیاحتی اور ثقافتی روابط کو نمایاں طور پر فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ تاشقند میں موجود سینٹرم ایئر کے مرکزی فضائی مرکز کے ذریعے مسافروں کو دنیا کے دیگر اہم مقامات تک بڑھتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک سے بھی باآسانی منسلک ہونے کی سہولت حاصل ہوگی۔

گیریز گروپ کے گروپ ڈائریکٹر ارشد ولی محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سینٹرم ایئر اور گیریز گروپ کی شراکت داری دو ایسے اداروں کی صلاحیتوں کو یکجا کرتی ہے جو پیشہ ورانہ معیار، قابلِ اعتماد خدمات، جدت اور صارفین کی خدمت جیسے مشترکہ اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے لاہور اور کراچی سے شروع کیے جانے والے فضائی روٹس کی کامیابی اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان سفری روابط کے مسلسل فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر گیریز گروپ کے ایئرلائن ڈویژن کے جنرل منیجر مارکیٹنگ شہباز ایم خان نے پاکستان میں گیریز گروپ کی فضائی شعبے سے متعلق صلاحیتوں، ملک گیر نیٹ ورک اور سینٹرم ایئر کے لیے عالمی معیار کی نمائندگی اور آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنانے کے عزم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر معروف ٹریول ایجنسیوں، کارپوریٹ شراکت داروں اور ایوی ایشن انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کے ساتھ نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کیک کاٹنے، لکی ڈرا، یادگاری تحائف کی تقسیم اور خصوصی میزبانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
