بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی؛ منگل کو وقوفِ عرفہ کی ادائیگی ہوگی، سعودی محکمہ موسمیات کا شدید گرمی کے پیشِ نظر الرٹ
ریاض، رپورٹ : زنیرہ اسلم
مکہ مکرمہ میں ایمان افروز مناظر کے ساتھ مناسکِ حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج آج ’یومِ تلبیہ‘ پر روحانی کیفیت میں لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے خیموں کے شہر ’منیٰ‘ پہنچ رہے ہیں۔ وادیِ منیٰ میں عازمین کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا اور آج پیر کی رات تمام حجاج کرام منیٰ میں قیام کریں گے، جس کے بعد کل منگل 9 ذی الحج کو حج کا سب سے اہم رکن ’وقوفِ عرفات‘ ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات کی جانب روانگی ہوگی۔

15 لاکھ سے زائد عازمینِ کرام کی آمد
سعودی حکام کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اب تک بیرونِ ملک سے آنے والے عازمینِ حج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جن کی ایک بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ مکرمہ پہنچی ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے مقدس مقامات پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سایہ دار جگہوں کی فراہمی، کولنگ فینز کا تنصیب اور طبی مراکز میں جدید سہولیات کا اضافہ شامل ہے تاکہ عازمین کو عبادات کے دوران زیادہ سے زیادہ راحت مل سکے۔

شدید گرمی کا الرٹ اور احتیاطی تدابیر
اس دوران سعودی محکمہ موسمیات نے حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سعودی حکام کی جانب سے عازمین کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ:
غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
زیادہ سے زیادہ پانی اور سیال اشیاء کا استعمال کریں۔
گرمی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
حجاج کرام کی حفاظت اور ان کی پرامن عبادات کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکومت نے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ جدید دفاعی و نگرانی کے نظام کے ساتھ ساتھ ہنگامی امدادی ٹیمیں بھی چوبیس گھنٹے چوکس ہیں تاکہ عازمینِ حج کسی بھی پریشانی کے بغیر اس عظیم سعادت کو مکمل کر سکیں۔
”مناسکِ حج کا آغاز؛ منیٰ کی وادی ”لبیک اللہم لبیک“ کی صداؤں سے گونج اٹھی، لاکھوں عازمین خیموں کے شہر پہنچ گئے“ ایک تبصرہ