دبئی (رپورٹ: حافظ زاہد علی )متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ایک شاندار اور رنگا رنگ جشنِ آزادی میوزیکل نائٹ سے کیا گیا، جس کا انعقاد نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) اور الفردان ایکسچینج کے اشتراک سے دبئی کےعلاقے سونا پور لیبر کیمپ میں کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص محنت کش طبقے، نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے قومی جذبے، حب الوطنی اور پاکستان اور امارات سے اپنی والہانہ محبت کا بھرپور اظہار کیا۔تقریب کے آغاز پر نیشنل بینک آف پاکستان، یو اے ای کے ہیڈ آف مارکیٹنگ راشد السلام نے الفردان ایکسچینج کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ریٹیل سیلز اینڈ سروسز سونجو پلاچریل سسی کا استقبال کیا۔ اس موقع راشدالاسلام نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت، دیانت داری اور خدمات کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ یو اے ای کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جشن آزادی کی مناسبت سے پاکستان کا خصوصی کیک کاٹا گیا، تقریب کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم پورے کیمپ میں لہراتے رہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دوستی، باہمی احترام اور تعاون کی خوبصورت علامت بنے رہے۔رنگا رنگ میوزیکل نائٹ میں معروف فنکار نے پاکستان کے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کیے، جبکہ متحدہ عرب امارات کے ملی نغمے بھی گائے گئے۔ شرکاء نے ہر پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا اور قومی ترانوں کے دوران کھڑے ہو کر پاکستان اوریواے ای سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔تقریب کی ایک نمایاں سرگرمی قرعہ اندازی تھی، جس کے ذریعے سونا پور کیمپ میں مقیم محنت کشوںمیں قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے۔ خوش نصیب افراد نے انعامات وصول کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان اور الفردان ایکسچینج کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی قرار دیا۔اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان اور الفردان ایکسچینج کے نمائندوں نے شرکاء کو قانونی اور محفوظ ذرائع سے رقوم پاکستان بھیجنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ بینکاری چینلز اور لائسنس یافتہ ایکسچینج اداروں کے ذریعے ترسیلاتِ زر بھیجنے سے نہ صرف صارفین کے مالی مفادات محفوظ رہتے ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت بھی مستحکم ہوتی ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی ذرائع سے گریز کرتے ہوئے ہمیشہ مستند مالیاتی اداروں کی خدمات سے استفادہ کریں۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی شخصیات، کاروباری نمائندوں اور محنت کشوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اس شاندار تقریب کو یومِ آزادی کی تقریبات کا بہترین آغاز قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
