Pakistani delegates and officials standing at the Pakistan Pavilion during Texworld NYC 2026 exhibition

نیویارک میں ’ٹیکس ورلڈ 2026ء‘ نمائش کا انعقاد: پاکستان کی بھرپور شرکت، قومی پویلین کا افتتاح

امریکا کے شہر نیویارک کے معروف ‘جیکب کے جاوِٹس کنونشن سینٹر’ میں عالمی ٹیکسٹائل نمائش ’ٹیکس ورلڈ این وائی سی 2026‘ (Texworld NYC 2026) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں پاکستان نے اپنے خصوصی قومی پویلین کے ذریعے بھرپور شرکت کی ہے۔ پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا، جبکہ اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان بھی موجود تھے۔ اس نمائش کا اہتمام ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور قونصل خانہ پاکستان نیویارک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

پاکستانی پویلین میں ملک کی 5 ممتاز ٹیکسٹائل و لیدر کمپنیوں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں ہوم ٹیکسٹائل، تولیے، تیار ملبوسات، لیدر گارمنٹس، اسپورٹس ویئر، گلوز اور دیگر اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ افتتاح کے بعد پاکستانی سفیر نے وفد کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں اور امریکی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سفارتی مشنز ‘میڈ ان پاکستان’ برانڈ کو امریکی منڈی میں مضبوط مقام دلانے کے لیے برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔

تین روز تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں امریکا سمیت دنیا بھر سے ہزاروں درآمد کنندگان، معروف برانڈز اور سورسنگ پروفیشنلز شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش کے دوران پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتوں کا موقع ملے گا، جس سے نئے برآمدی معاہدوں اور تجارتی شراکت داریوں کی راہ ہموار ہوگی۔ ماہرین کے مطابق ٹیکس ورلڈ این وائی سی میں پاکستان کی فعال شرکت سے ملکی ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت اور برآمدی استعداد عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں