بایومیڈیکل انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے پاکستان اور رومانیا کے درمیان تعلیمی و صنعتی روابط مضبوط بنانے پر عزم کا اظہار
علیم نواب خان سے
کراچی: پاکستان رومانیا بزنس کونسل (PRBC) کے چیئرمین سہیل شمیم فرپو اور ایڈوائزر و سی او او (COO) عاطف فاروقی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سلیم حبیب یونیورسٹی کراچی میں منعقدہ “ویژن 2030: پاکستان میڈیکل ڈیوائسز مینوفیکچرنگ سمٹ” میں شرکت کی ہے۔ اس اہم سمٹ کا انعقاد ‘سامانِ شفا فاؤنڈیشن’ کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد نور کی جانب سے “دوسری انٹرنیشنل کانفرنس آن ایمرجنگ ٹرینڈز ان بایومیڈیکل انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی” (ICETBEST) کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔
اس بین الاقوامی فورم میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے شعبہ طب، صنعتی مالکان، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی سازوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تاکہ بایومیڈیکل انجینئرنگ، طبی آلات کی مقامی سطح پر تیاری اور جدت پر مبنی مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا جا سکے۔ فورم میں رومانیا کی مقتدر سرکاری ٹیکنیکل یونیورسٹی “ٹیکنیکل یونیورسٹی آف کلوز ناپوکا” (Technical University of Cluj-Napoca) نے بھی خصوصی شرکت کی، جو 1948 سے انجینئرنگ، اپلائیڈ سائنسز اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔
پاکستان رومانیا بزنس کونسل کے وفد کی اس سمٹ میں شرکت دونوں ممالک کے مابین بالخصوص ٹیکنالوجی کی منتقلی (Technology Transfer)، تحقیقی اشتراک اور طبی آلات کی تیاری کے شعبوں میں تجارتی، صنعتی اور تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان رومانیا بزنس کونسل کے ایڈوائزر اور سی او او عاطف فاروقی کا کہنا تھا:
“پاکستان کے پاس بین الاقوامی شراکت داری، اپلائیڈ ریسرچ اور صنعتی تعاون کے ذریعے اپنی میڈیکل ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ بیس کو مضبوط کرنے کا ایک حقیقی اور بہترین موقع موجود ہے۔ اس طرح کے فورمز اکیڈمیہ (تعلیمی اداروں) اور انڈسٹری کے درمیان ایک ایسا مضبوط پل بنانے میں مدد دیتے ہیں جو کسی بھی جدت اور ریسرچ کو عملی و معاشی شکل دینے کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان رومانیا بزنس کونسل ایسے اقدامات کی حمایت کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔”
یہ سمٹ میڈیکل ٹیکنالوجی، ایجادات، انٹرپرینیورشپ اور بایومیڈیکل انجینئرنگ کے مستقبل پر بامقصد مکالمے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر پی آر بی سی (PRBC) کی قیادت نے پاکستانی اداروں کو دنیا کے بہترین اور جدید عالمی مراکز سے جوڑنے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔