سہولت کار کانسٹیبل کو معافی اور بحالی کی شرط پر ’پنکی‘ کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا؛ اہلکار نے ایک ہی ہفتے میں ٹاسک پورا کر کے ڈرگ کوئین کو دھروا دیا، سی ٹی ڈی (CTD) کے 2 اہلکار بھی حراست میں
کرائم رپورٹر
کراچی: شہرِ قائد کی بدنامِ زمانہ ڈرگ کوئین پنکی اور منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ملوث ملزمہ انمول عرف پنکی کی گزشتہ ہفتے ہونے والی ہائی پروفائل گرفتاری کے پیچھے چھپا ایک سنسنی خیز اور حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے کسی بیرونی مخبر کے بجائے اپنے ہی ایک معطل کانسٹیبل کو بطور ’ہتھیار‘ استعمال کر کے انمول عرف پنکی کو اس کے محفوظ ٹھکانے سے گرفتار کروایا۔
ذرائع کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، مذکورہ کانسٹیبل کافی عرصے تک انمول عرف پنکی کے منشیات کے نیٹ ورک کا مبینہ سہولت کار (Facilitator) رہا تھا۔ اس اہلکار پر پنکی کے غیر قانونی کاموں کی پشت پناہی کرنے اور اس کے بدلے بھاری رقوم (بھتہ اور رشوت) وصول کرنے کا سنگین الزام تھا۔ خفیہ ایجنسیوں اور محکمے کی اندرونی رپورٹس پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے اس اہلکار کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اسے نوکری سے معطل کر دیا تھا اور اسے بڑی سزا سنائی گئی تھی۔

معافی اور بحالی کے بدلے گرفتاری کا سودا
ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونے کے بعد مذکورہ کانسٹیبل جب محکمے کے ایک انتہائی اعلیٰ پولیس افسر کے پاس اپنی معافی اور نوکری پر بحالی کی درخواست لے کر پیش ہوا، تو افسر شاہی نے اس کے سامنے ایک شرط رکھ دی۔ اعلیٰ افسران نے کانسٹیبل کو ٹاسک دیا کہ اگر وہ اپنی نوکری پر بحالی اور تمام سخت سزاؤں سے نجات چاہتا ہے، تو اسے انمول عرف پنکی کو قانون کے شکنجے میں لانا ہوگا۔
نوکری بچانے اور سزائیں معاف کرانے کی اس پیشکش پر کانسٹیبل نے فوری حامی بھر لی اور انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک میں اپنی پرانی رسائی کا فائدہ اٹھایا۔ اہلکار نے محض ایک ہفتے کے اندر یہ مشکل ٹاسک پورا کر دکھایا اور انمول عرف پنکی کی قطعی لوکیشن اور نقل و حرکت کی خفیہ نشاندہی کر دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گزشتہ ہفتے ملزمہ کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کر لیا۔
کانسٹیبل پر انعامات کی بارش، سی ٹی ڈی (CTD) میں کھلبلی
ذرائع کے مطابق، کامیابی سے ٹاسک پورا کرنے کے بعد محکمے نے اپنا وعدہ نبھانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت مذکورہ کانسٹیبل کی نوکری پر بحالی کے ساتھ ساتھ اس کی تمام سابقہ بڑی سزائیں مکمل طور پر معاف کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب، پنکی کے پولیس نیٹ ورک کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد محکمے کے اندر کالی بھیڑز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انمول عرف پنکی سے مسلسل رابطے میں رہنے اور معلومات فراہم کرنے کے الزامات کے تحت کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے 2 اہلکاروں کو بھی باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے خفیہ مقام پر سخت تفتیش کی جا رہی ہے۔ عدالت میں ملزمہ کے ریمانڈ کے دوران سامنے آنے والے بیانات اور اس داخلی انکشاف نے کراچی پولیس فورس کے اندر منشیات مافیا کے اثر و رسوخ کے حوالے سے کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔